نئی دہلی، 30/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بجٹ سیشن سے پہلے اپوزیشن جماعتوں نے آج اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں نوٹ بند ی کا مسئلہ زور شور سے اٹھایا جائے گا،جس کی وجہ سے گزشتہ سرمائی اجلاس کے دوران کوئی کام کاج نہیں ہو سکا تھا۔اپوزیشن پارٹیوں نے اس کے ساتھ ہی کچھ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے درمیان میں قبل از وقت بجٹ پیش کرنے کو لے کر بھی افسوس کا اظہار کیا۔حکومت کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی میٹنگ کے دوران کانگریس اور سی پی ایم کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیوں نے سیشن کے دوران نوٹ بند ی کے معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ پھر سے اس مسئلے کو اٹھائیں گی کیونکہ اس سے عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔نوٹ بند ی کے فیصلہ کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنانے والی ترنمول کانگریس نے کل جماعتی میٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور کہا کہ اس کے لیڈران بجٹ سیشن کے پہلے دو دن نوٹ بند ی کی مخالف کے طورپر پارلیمنٹ میں موجود نہیں رہیں گے۔راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ حکومت کو بجٹ سیشن قبل از وقت نہیں بلانا چاہیے تھا۔